نئی دہلی، 2 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے ملاقات کے بعد،انسانی حقوق کی کارکن ایروم شرمیلا اب وزیر اعظم نریندر مودی سے ملنا چاہتی ہیں اور انہیں امید ہے کہ انہیں وزیر اعظم سے اچھا مشورہ ملے گا ۔شرمیلا نے گزشتہ 26؍ستمبر کو دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال سے ملاقات کرکے اپنی ریاست منی پور میں اہم سیاسی پارٹیوں کو شکست دینے کے سلسلے میں ان کا مشورہ مانگا تھا ۔انہوں نے میڈیا سے کہاکہ اچھے مشورہ کی ہمیشہ امید کی جانی چاہیے ، چاہے سامنے والا آدمی دشمن ہو یا دوست، اگر اس کے پاس اچھے خیالات ہیں اور وہ مجھ سے شیئر کرنا چاہتا ہے تو میں مشورہ لوں گی۔ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ مودی سے بھی ملاقات کرکے ان سے مشورہ لیں گی کیونکہ وہ لوک سبھا انتخابات میں زبردست اکثریت سے جیتے ہیں۔شرمیلا پہلے بھی مودی سے ملاقات کرکے متنازعہ قانون افسپاکے خاتمے کے لیے ان کی مدد لینے کی خواہش ظاہر کر چکی ہیں۔انہوں نے اپنے مطالبہ کو دہراتے ہوئے کہاکہ یہ ممکن ہے، میں ان سے ملاقات کروں گی کیونکہ وہ ایسی شخصیت ہیں جو میرے مطالبہ کو پورا کر سکتی ہیں۔منی پور کے مجاہد آزادی اور سماجی کارکن ہجام ایرابوٹ کی 120ویں جینتی کے موقع پر نارتھ ایسٹ فورم فار انٹرنیشنل سالڈیٹری (این ای ایف آئی ایس )کی طرف سے منعقد ایک پروگرام میں شرمیلا نے جمعہ کو دہلی یونیورسٹی کے طلباء سے خطاب کیا تھا۔گزشتہ 9 ؍اگست کو آئرن لیڈی نے اپنی 16سال سے جاری بھوک ہڑتال کو ختم کردیا تھا۔یہ بھوک ہڑتال افسپا کو ہٹانے کے مطالبہ کو لے کر تھی ۔انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ پارٹی بنائیں گی کیونکہ وہ منی پور کی وزیر اعلی بننا چاہتی ہیں تاکہ اپنے مطالبہ پر زور ڈال سکیں ۔